لاہور: بھارت کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کیلئے بھارت کو پاکستان کیخلاف فیورٹ قرار دے دیا ۔لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے پاکستانی باؤلنگ اٹیک کو بھارت کیلئے چیلنج قرار دے دیا۔ شاہد آفریدی کا بیان اس وقت سامنے آیا جب پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی کے میچ میں صرف ایک دن باقی ہے ۔
شاہد آفریدی نے کہاکہ ہمارے خلاف موجودہ فارم کی بنیاد پر ہندوستانی ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہے لیکن میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستان کے پاس اتنی اچھی باؤلنگ موجود ہے جو انگلش کنڈیشنز میں بھارتی بیٹنگ لائن کیلئے چیلنج بن سکتی ہے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ کیلئے لکھے گئے خصوصی کالم میں انہوں نے ہندوستان کے خلاف گزشتہ سالوں میں کھیلے گئے میچوں کی یادگار لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہندوستانی کھلاڑیوں سے دوستانہ تعلقات رہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ سیاسی تناؤ کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان میچز نہ ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ بدقسمتی سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان تواتر سے میچز نہیں ہوتے لیکن میں اپنے ہندوستانی دوستوں کے ساتھ خوبصورت دنوں کی کمی بہت شدت سے محسوس کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہوں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات جلد معمول پر آ جائیں گے اور پرانے دوست ایک مرتبہ ساتھ بیٹھ کر ماضی کی یادیں تازہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط بیٹنگ لائن کے سبب ہندوستان کو برتری حاصل ہے لیکن میری نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ چار جون کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا جو چیمپیئنز ٹرافی میں دونوں ٹیموں کا افتتاحی میچ ہو گا۔اور اس میچ کے تمام ٹکٹس بہت پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں ۔ اور محمکمہ موسمیات نے بھی خبراد کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہو سکتا ہے ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں