وزیر اعظم کا دورہ تاجکستان مکمل، شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے قازقستان روانہ

01:30 PM, 3 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

آستانہ:وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ دوشنبہ مکمل کرنے کے بعد قازقستان کے دارالحکومت آستانہ کے لئے روانہ ہو گئے۔ وہ  شنگھائی تعاون تنظیم  کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس اور ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔وزیراعظم تنظیم کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف روسی اور چینی صدر سے الگ الگ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ تاجکستان کے دوران تاجک وزیراعظم کو تیسری اعلیٰ سطحی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ۔ اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کو دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھے گا۔   وزیراعظم نے تاجک ہم منصب کو کراچی بندرگاہ کو ٹرانزٹ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریکس اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقئی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم   سے تاجک پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین بھی ملے۔  دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق بھی کیا۔

مزیدخبریں