حج 2024: جو ممالک پہلے معاہدہ کریں گے انہیں منیٰ ،مزدلفہ اور عرفات میں پسند کی رہائش ملے گی: سعودی وزیر حج

12:23 PM, 3 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

مکہ مکرمہ : سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے حج 2024 (1445) کے لیے ابتدائی منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ پروگرام پرعمل درآمد کا آغاز 16 ستمبر2023 سے کیا جائے گا۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزیرحج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج 2024 کے لیے پہلے سے عملی طور پر کام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ کمپنیوں کی جانب سے عازمین حج کوبہترسہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیاری کا وقت مل سکےانہوں نے کہا کہ کہ آئندہ حج کے لیے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔

لائسنس یافتہ کمپنیوں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا آغاز کیاجائے گا۔فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کے لیے سول ایوی ایشن سے متعلق امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔ 4 نومبر 2023 (20 ربیع الثانی 1445 ہجری) کو حج پیکجز کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔

آئندہ برس حج پروگرام کے حوالے سے وزیرحج کا کہنا تھا کہ8جنوری 2024 کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں حج خدمات پرمشتمل سیمینار اورنمائش منعقد کی جائے گی جس میں عازمین حج کو فراہم کی جانے والی تمام سہولتوں کے حوالے سے تفصیلات پیش کی جائیں گی جبکہ 25 فروری 2024 کو مشاعر مقدسہ میں حجاج کے لیے رہائشی امورکو حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو ممالک پہلے حج معاہدے کر لیں گے انہیں اپنے حجاج کے لیے مشاعر مقدسہ( منٰی، مزدلفہ، عرفات) میں اپنی پسند کی رہائش حاصل کرنے کا اختیار ہو گا۔حج ویزوں کے اجرا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یکم مارچ 2024 (20 شعبان 1445 ہجری) سے ڈیجیٹل ویزوں کا اجرا شروع ہو گا جو 29 اپریل 2024 تک جاری رہے گاجبکہ 9 مئی 2024 (یکم ذوالقعدہ 1445) سے عازمین حج کی پروازیں مملکت آنا شروع ہوجائیں گی۔

مزیدخبریں