اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے آج سے آٹھ جولائی تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کا اور لینڈسلائڈنگ کابھی خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں ، جس کے نتیجے میں آج سے آٹھ جولائی تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی مری، گلیات، چکوال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔شدید بارشوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ جبکہ بارکھان، لسبیلہ،ڈی آئی خان اورملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7اور 8 جولائی کو سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ کے چند اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ جل تھل ایک ہونے کا امکان ہے۔کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے الرٹ کے بعد انتظامیہ نے ضروری اقدامات شروع کر دیئے ہیں ۔
چھے سے آٹھ جولائی کے درمیان موسلادھار بارش کے نتیجے میں ڈی آئی خان میں بھی سیلابی صورت حال پیدا ہو نے کا اندیشہ ہے۔