بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار سے تجاوز، 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

03:01 PM, 3 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 787 میگاواٹ ہو گیا جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 213 میگاواٹ جبکہ طلب 29 ہزار میگاواٹ ہے اور یوں شدید گرمی کے اس موسم میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 787 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں پانی سے 5 ہزار 430 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1ہزار 705 میگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 10 ہزار 241 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ 
اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 629 میگاواٹ، شمسی توانائی سے 113 میگاواٹ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 120 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 275 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔

مزیدخبریں