کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر کے قریب مسافر بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مسافر بس راولپنڈی سے کوئٹہ جا رہی تھی کہ راستے میں حادثہ پیش آ گیا اور بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شیرانی کے مطابق کوچ راولپنڈی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ خیبرپختونخوا کی حدود کے قریب حادثہ پیش آ گیا جبکہ جاںبحق اور زخمی افراد کو ژوب اور مغل کوٹ منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر بس بارش کے باعث سڑک سے پھسل کر کھائی میں گری جس کے بعد ریسکیو کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پہاڑ علاقہ ہونے کے باعث رضاکاروں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔