شوگر سکینڈل: ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بعد علی ترین کو بھی طلب کرلیا

شوگر سکینڈل: ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بعد علی ترین کو بھی طلب کرلیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: شوگر سکینڈل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

نیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کے بعد تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں متعلقہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوٹس میں علی ترین سے بھی بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، اور کاروبار کے لیے بینکوں یا فیملی ممبران سے جتنی رقم لی اس کا بھی ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت تک ریکارڈ فراہم نہ کرنے پرعلی ترین کے اکاؤنٹس اور پراپرٹی کو بھی منجمد کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی پانچ رکنی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف سے بھی تحقیقات کی اور ان سے رمضان اور العریبیہ شوگر ملز سے متعلق سوالات کیے۔