لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اپنا راستہ لینے دینا چاہئے،جمہوریت کو کنٹرول کرنے کے نسخے ناکام ہوچکے،ملک صرف جمہوری اورقانونی طریقے سے ہی چلایا جاسکتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ نے میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئے کہاملک کو چلانے کا واحد حل صرف جمہوری اور قانونی طریقہ ہی ہے ،قانون کی حکمرانی کے بغیر ہمیں ہر دفعہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ،استحکام کیلئے ضروری ہے قانون کی حکمرانی پیدا کی جائے،جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ملک میں استحکام کسی صورت نہیں آسکتا،دھاندلی جس طرح سے ہوتی ہے اسے صرف کالا کوٹ ہی روک سکتا ہے۔
انہوں نے کہا دھاندلی کو روکنے کا تجربہ ہم نے وزیر آباد اور ڈسکہ میں کر کے دکھایا ،جب الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو قانونی طریقہ سے ہی اس کو شکست دی گئی ،رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا عاصمہ جہانگیر کی زندگی قانون کی بالادستی کیلئے آواز بلند کرنے میں گزری،عاصمہ جہانگیر کے جانے سےملک ایک جرات مند آواز سے محروم ہوگیا،ووٹ کو عزت دیئے بغیر آگے نہیں بڑ ھ سکتے، جمہوریت کیلئے آزاد اور شفاف انتخابات ضروری ہیں ، پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا اور ووٹ کی طاقت سے ہی چل سکتا ہے، سیاسی استحکام کے بغیر کسی قوم کی ترقی ممکن نہیں ۔
رانا ثنا اللہ نے افغانستان ایشو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا افغانستان میں ایک بڑی خون ریز خانہ جنگی ہونے جا رہی ہے،کسی کے پاس افغان خانہ جنگی روکنے کی کوئی تدبیر موجود نہیں،عالمی طاقتوں کو مل بیٹھ کر افغانستان میں امن کیلئے کوئی لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے ۔