اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ موڈرنا ویکسین بیرون ممالک حصول تعلیم اور ورک ویزہ پر جانے والے افراد کو لگائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ امریکہ کی جانب سے پاکستا ن کو 25لاکھ موڈرنا ویکسین موصول ہوئی ہیں جو کہ مخصوص لوگوں کیلئے دستیاب ہوں گی اور صرف ان افراد کو لگائی جائے گی جو سٹڈی یا ورک ویزہ پر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں اور جہاں صرف یہ مخصوص ویکسین قبول کی جا رہی ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امریکی صدر جوبائیڈن کا کردار قابل ستائش ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکہ سے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ امدادی خوراکیں پاکستان پہنچی ہیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 29 جون 2021ءکو پاکستان کو امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا کی کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری پریس بیان میں بتایا گیا تھا کہ امریکہ دنیا بھر سے کورونا کے خاتمے کیلئے کی گئی کاوشوں کی قیادت کر رہا ہے جس کے تحت پاکستان کے علاوہ جنوبی امریکی ملک پیرو کو 20 لاکھ فائزر اور وسطی امریکی ملک ہنڈراس کو 15 لاکھ موڈرنا ویکسین کی خوراکیں بھیجی جائیں گی جبکہ مزید ممالک کو بھی وبا سے تحفظ کیلئے ویکسین کی فراہمی جاری ہے۔
امریکی دوا ساز کمپنی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موڈرنا کی کوویڈ ویکسین برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے وبائی کورونا وائرس کی نئی اور زیادہ متعدی اقسام کے خلاف بھی کام کرتی ہے۔کورونا وائرس کی نئی اور متعدی اقسام پر لیبارٹری میں کئے جانے والے تجزیوں اور تجربوں سے بھی بات سامنے آئی ہے کہ موڈرنا ویکسین میں موجود کورونا وائرس کی اینٹی باڈیز نئی اقسام کو پہچان سکتی ہیں اور ان کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔