کراچی: چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آصف زرداری پی ٹی آئی کی حکومت چلا رہے ہیں ، پیپلز پارٹی چاہے تو پی ٹی آئی کی حکومت ایک گھنٹے میں گرا دے ۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کو پیپلز پارٹی کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔ پی ٹی آئی نے نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں ۔
وفاقی اور سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غلط مردم شماری کو منظور کرکے جائز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مردم شماری ٹھیک نہیں ہوئی ، وفاقی حکومت کراچی کی گنتی پوری کرے ، مردم شماری درست ہوگی تو مسائل حل ہوں گے ۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے ، عمران خان کہتے ہیں جو یوٹرن نہ لے وہ لیڈر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراچی کو پانی کا ایک قطرہ اضافی نہیں دیا گیا ، جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریاں دی جا رہی ہیں ۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ سندھ کے عوام کی ترجمانی پی ایس پی کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ اور میئر کے اختیارات آئین میں درج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں پی ایس پی اچھا مقابلہ کرے گی ۔