ملکی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، سیاسی و عسکری قیادت کا عزم

06:11 PM, 3 Jul, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم کے زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں شرکا نے ملکی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کا عزم کیا ہے۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اس اعلیٰ سطح اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

قومی قیادت کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے لیکن اپنی سالمیت کے دفاع کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ عوام اور ملکی سرحدوں کی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں۔

اجلاس کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے۔

اعلیٰ سطح اجلاس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور اور قانونی نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزیدخبریں