راولپنڈی:نواز شریف ،شہباز شریف کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال بھی نارووال سپورٹس سٹی کرپشن تحقیقات میں نیب راولپنڈی میں پیش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے پر نیب کو بیان قلمبند کرادیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے۔
احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے خلاف قانون 3 ارب روپے کا منصوبہ اپنے حلقے نارووال میں شروع کیا اور اربوں روپے کا اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے قومی خزانے کونقصان پہنچایا۔
اس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ پر بھی اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔نیب پیشی پر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس کسی نے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا وہ مجرم ہے، جس نے کچھ نہیں کیا اور ملک اجاڑ کربیٹھا ہے وہ حکمران ہے، اگر کسی نے توانائی کے اور ترقیاتی منصوبے بنائے تو وہ انکی سزا کاٹ رہا ہے، ہمیں پاکستان میں ترقی کے منصوبے بنانے کی سزا مل رہی ہے، بد قسمتی سے رسم چل پڑی ہے کہ ہر سیاستدان کو گندا کرو۔