ابوظہبی: متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کی حکومت نے غیر ملکیوں کی ملکیت پر دہائیوں سے عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس پابندی کے خاتمے کے بعدغیر ملکی افراد کو کاروباری اداروں کا مکمل انتظام اپنے پاس رکھنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ابوظہبی میں میری صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں 122 معاشی سرگرمیوں میں 100 فیصد غیر ملکی ملکیت کی منظوری دے دی گئی۔
اس اعلان سے دہائیوں قبل نافذ کی گئی پابندی کا خاتمہ ہوگیا جس کے تحت غیر ملکیوں کو صرف 49 فیصد مالکانہ حقوق حاصل ہوتے تھے۔اپنی ٹوئٹ میں شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مزید کہنا تھا کہ اس اجازت کا اطلاق ذراعت، مینوفیکچرنگ، متبادل توانائی، ای کامرس ٹرانسپورٹ، آرٹس، تعمیرات اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں ہوگا۔