بھارت جانیوالی فیصل آباد کی 7 سالہ زینب انتقال کر گئی

01:45 PM, 3 Jul, 2018

فیصل آباد: دل کے علاج کے لیے بھارت جانے والی فیصل آباد کی 7 سالہ زینب لدھیانہ کے اسپتال میں انتقال کر گئی۔ والد کے مطابق کمسن زینب کے دل میں 3 سوراخ تھے اور اس کے دل کا بایاں حصہ بھی کام نہیں کر رہا تھا۔

بچی کے والد کے مطابق فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ پاکستان میں زینب کی سرجری کے سلسلے میں خطرات ہیں جس کے بعد انہوں نے بھارت میں بیٹی کے علاج کے لیے رابطہ کیا۔

 مزید پڑھیں: یار محمد رند الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار

بعدازاں زینب کے والد اسے بھارتی شہر لدھیانہ لے گئے جہاں کے ایک اسپتال میں گزشتہ رات اس کی سرجری کی گئی اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

والد کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ زینب کی سرجری کامیاب ہوئی ہے لیکن آئندہ 24 گھنٹے بچی کے لیے اہم ہیں تاہم آج صبح 4 بجے زینب نے دم توڑ دیا۔

نجی اسپتال نے زینب کی میت تو والدین کے حوالے کر دی تاہم میت پاکستان واپس لانے کے لیے غمزدہ والدین سخت پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں طوفانی بارش، شہر ڈوب گیا، کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

زینب کے والد نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا کہ سفری دستاویزات کے لیے پولیس کبھی ایک دفتر تو کبھی دوسرے دفترکے چکر لگوا رہی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے بیٹی کی میت واپس لانے کے لیے پاکستانی سفارتخانے سے مدد کی بھی اپیل کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں