عوامی نیشنل پارٹی نے آئندہ الیکشن کیلئے پی کے ون سے اپنی انتخابی مہم کاباقاعدہ آغاز کر دیا

عوامی نیشنل پارٹی نے آئندہ الیکشن کیلئے پی کے ون سے اپنی انتخابی مہم کاباقاعدہ آغاز کر دیا

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے آئندہ الیکشن کیلئے پی کے ون سے اپنی انتخابی مہم کاباقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے سابق صوبائی وزیر حاجی ہدایت اللہ خان کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدرحاجی غلام احمد بلور ، سینیٹرالیاس بلور ، مرکزی سیکرٹری بشیر مٹہ ، صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور، سٹی ڈسٹرک کے صدر ملک غلام مصطفی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب بعدازاں جلسے میں تبدیل ہوگئی اور اس موقع پر امیر حیدر خان ہوتی سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

صوبائی صدرنے اپنے خطاب میں پی کے ون سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ تین ماہ کے اندر آئندہ الیکشن کیلئے پارٹی کے امیدوار میدان میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 2013کے الیکشن میں اے این پی کو جان بوجھ کر انتخابی مہم سے باہر رکھا گیا اور اقتدار ایسے لوگوں کے حوالے کیا گیا جو دہشت گردوں کے حامی تھے۔ صوبائی حکومت کی چار سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور قوم تبدیلی کے جھوٹے نعرے کی حقیقت جان چکی ہے لہٰذا 2018کے الیکشن میں عوام اپنے ساتھ دھوکہ کرنے والوں کا ووٹ کے ذریعے احتساب کریں گے جبکہ اے این پی دوبارہ اقتدار میں آکر ترقی کے رکے ہوئے عمل کو عوام کے تعاون سے دوبارہ شروع کرے گی۔

ملک کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ کا ہنگامہ اپنے عروج پرہے اور دونوں سیاسی جماعتیں عوام کو نظرانداز کرایک دوسرے کے احتساب میں مصروف ہیں۔ لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کرنے والے اگراس قابل ہوتے تو آج انہیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیںاورصوبے کا وجود فاٹا کے انضمام کے بغیرنامکمل ہے۔

صوبائی صدر نے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں مزید تاخیر نقصان دہ ہوگی۔ سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی اکنامک کوریڈور پر پختونوں کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے وہ ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنے غصب شدہ حقوق کے حصول و تحفظ کے لیے آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران مرکزی عہدیدار صوبائی عہدیداروں سے جبکہ ضلع و تحصیل یونین کونسل اور دیگر بنیادی یونٹس کے ساتھ رابطہ رکھیں گے۔الیکشن میں کامیابی کے بعد صوبے کی بلا امتیاز خدمت جاری رکھیں گے۔
#/S

مصنف کے بارے میں