لبنان میں شامی مہاجرین کے کیمپ میں آتشزدگی، 3 افراد ہلاک

05:01 PM, 3 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

بیروت: مشرقی لبنان میں واقع شامی مہاجرین کے ایک کیمپ میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

البقاع وادی میں واقع شامی مہاجرین کے ایک کیمپ میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کے علاوہ ایک شخص بری طرح جھلس کر زخمی بھی ہوا ہے۔ یہ کیمپ وادی کے قصبے کعب الیاس کے قریب قائم ہے۔ مہاجرین کے مطابق جل کر ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

انٹرنیشنل ریڈ کراس کے مطابق آتشزدگی کے باعث ایک شخص ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔ آگ لگنے کے بعد تقریباً سات سو افراد کو اس کیمپ سے محفوظ انداز میں ایک اور مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ریڈ کراس نے ہلاک ہونے والے مہاجرین کی عمر اور زخمیوں کی حالت بارے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

لبنانی ٹی وی فوٹیج سے محسوس ہوتا ہے کہ آگ لگنے سے قبل ایک دھماکا بھی ہوا تھا۔ اس دھماکے کے بارے میں واضح نہیں کہ یہ کسی بارودی مواد کے پھٹنے کا نتیجہ تھا یا پھر کوئی گیس سلنڈر پھٹا تھا۔

ویڈیو فوٹیج سے بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ آگ لگنے سے سارا کیمپ تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ اس کیمپ میں 93 خیمے تھے اور جن میں سے صرف تین محفوظ رہے ہیں۔

مزیدخبریں