قطر کو دی گئی ڈیڈ لائن میں دو دن کا اضافہ ہو گیا

09:16 AM, 3 Jul, 2017

دوحہ: سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے قطر کو مطالبات کی منظوری کے لیے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد قطر نے ڈیڈلائن میں مزید دو دن اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد سعودی عرب اور اتحادی ممالک نے قطر کو دی گئی ڈیڈلائن میں دو دن اضافے کا اعلان کیا ہے۔

کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق قطری وزیر خارجہ نے اس حوالے سے امیر کویت کو آگاہ کر دیا تھا۔ سعودی عرب اور اتحادی ممالک نے قطر کو تیرہ مطالبات کی فہرست پیش کر کے دس روز کی ڈیڈلائن دی تھی جو اتوار کی رات ختم ہو گئی۔ قطر کا کہنا تھا کہ الجزیرہ ٹی وی بند کرنے، قطر سے ترک فوجی اڈے کے خاتمے اور ایران سے تعلقات منقطع کرنے جیسے مطالبات اس کی خودمختاری پر حملہ ہیں۔

کویت عرب ممالک اور قطر کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور چار عرب ممالک نے اپنے مطالبات بھی کویت کے ذریعے ہی قطر کو پہنچائے تھے۔ یاد رہے چھ عرب و خلیجی ممالک نے قطر پر دہشت گرد گروپوں کی مدد کرنے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے اس سے تعلقات منقطع کیے تھے جبکہ قطر نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں