لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ قطری شہزادے حماد بن جاسم اور پاناما جے آئی ٹی میں ایک اور رابطہ ہوا ہے جس میں شہزادے نے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی حامی بھر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق قطری شہزادے نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میرے خط کی تصدیق کے لیے میری رہائش گاہ پر آ کر انٹرویو کرے خوش آمدید کہوں گا۔ جے آئی ٹی کو پہلے بھی خط کی تصدیق کر چکا ہوں اور اب بالمشافہ بھی تصدیق کرنے کو تیار ہوں۔ جے آئی ٹی نے قطری شہزادے سے انٹرویو کے لیے پاکستانی سفارتخانہ تجویز کیا ہے تاہم حماد بن جاسم نے سفارت خانہ میں آنے سے معذرت کر لی ہے۔ جے آئی ٹی نے اب اس پر شہزادے کو جواب میں آگاہ کرنا ہے۔ ادھر جے آئی ٹی نے آج صبح ساڑھے 11 بجے وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کو تیسری پیشی پر طلب کر رکھا ہے جب کہ جے آئی ٹی نے آج ہی کے روز سہہ پہر 3 بجے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی طلب کر لیا ہے جہاں وہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔
یاد رہے کہ جے آئی ٹی اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، وزیراعظم کے کزن طارق شفیع اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو طلب کر چکی ہے۔ وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز بھی 4 جولائی کو چھٹی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں