موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی بارے کوئی واضح امید نظر نہیں آتی: محمود اچکزئی

 موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی بارے کوئی واضح امید نظر نہیں آتی: محمود اچکزئی

اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی ایم اے پی) کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا، "اگر حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، تو اس سے مذاکرات کا کیا فائدہ؟ ہم دعا کرتے ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہوں، مگر جہاں اس طرح کے مسائل ہوں، وہاں دعا کا اثر مشکل ہوتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "شہباز شریف ہمارے دوست ہیں، لیکن وہ مشرف کے وزیراعظم بننے کے لیے بھی تیار تھے۔ نواز شریف نے انہیں روکا، مگر اب خود نواز شریف بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں۔"

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بارے میں کوئی واضح امید نظر نہیں آتی۔

یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہو چکے ہیں، جن کی قیادت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی تھی۔ ان مذاکرات کا مقصد سیاسی بحران کا حل تلاش کرنا تھا، تاہم اس حوالے سے مختلف حلقوں میں اب بھی تحفظات موجود ہیں۔

مصنف کے بارے میں