کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز پر پاکستان کے اوپنر صائم ایوب انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے اس میچ میں، صائم ایوب نے شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرتے ہوئے اپنا دایاں ٹخنہ مڑوا لیا، جس کے نتیجے میں انہیں چوٹ آئی۔
میدان میں فوراً طبی امداد فراہم کی گئی، مگر صائم کو چلنے میں مشکل پیش آ رہی تھی، جس کے بعد ان کا سکین کروانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ انجری کی نوعیت کا صحیح اندازہ لگایا جا سکے۔
اس انجری کے باعث صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی کے لیے قومی سکواڈ میں شمولیت پر اثر پڑ سکتا ہے، حالانکہ ان کی فارم نے ان کی جگہ تقریباً یقینی بنا دی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، صائم ایوب کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کی انجری کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔