وزیراعظم سے فضل الرحمان کی بات چیت، مدارس کی رجسٹریشن پر صوبوں میں اقدامات کی درخواست

04:11 PM, 3 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مدارس کی رجسٹریشن کے لیے صوبوں میں قانون سازی کرنے کی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صوبوں میں قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے وزرائے اعلیٰ سے بات کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر سنجیدہ ہیں اور صوبوں میں قانون سازی کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے وزرائے اعلیٰ سے جلد رابطہ کریں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند دن قبل صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن کے لیے سوسائٹی ایکٹ پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس بل کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔ نئے قانون کے مطابق، مدارس کو سوسائٹیز کے طور پر رجسٹریشن یا وزارت تعلیم کے تحت خود کو رجسٹر کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

مزیدخبریں