پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی، کرنسی کی قدر میں معمولی استحکام

11:21 AM, 3 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج  میں کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی کے بعد مندی کا رجحان دیکھنے کو آیا، جبکہ پاکستانی کرنسی کی قدر میں معمولی استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ آج کے کاروباری دن کا آغاز مثبت زون میں ہوا، تاہم کچھ ہی دیر بعد 100 انڈیکس میں مندی کا سامنا کرنا پڑا۔

سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 800 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی، جس کے بعد انڈیکس 116,258 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت میں 100 انڈیکس 500 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 117,800 پوائنٹس تک پہنچا تھا، لیکن اختتام تک مندی کے سبب انڈیکس نے منفی رجحان اختیار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز، 100 انڈیکس 111 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 117,100 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب، انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 9 پیسے کی کمی آئی۔ انٹر بینک میں ڈالر 278 روپے 55 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 278 روپے 64 پیسے تھی۔

مزیدخبریں