مہارشٹرا : بھارت میں ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص جو کہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد مردہ قرار دیا گیا تھا، ایمبولینس میں سپیڈ بریکر سے ٹکرانے کے بعد اچانک زندہ ہوگیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر کولہاپور کی ایک واقعہ کی تفصیلات کے مطابق، 65 سالہ شخص کو دل کے دورے کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعدازاں، اس کی میت کو گھر منتقل کرنے کے لیے اہل خانہ نے ایمبولینس کا انتظام کیا۔
جب ایمبولینس سپیڈ بریکر سے گزری تو اچانک جھٹکا لگنے سے مردہ قرار دیے گئے شخص کی انگلیاں حرکت کرنے لگیں۔ یہ منظر دیکھ کر ایمبولینس عملے نے فوراً اس شخص کو دوبارہ ہسپتال منتقل کیا۔ وہاں پہنچ کر انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا، اور حیران کن طور پر ان کی سانس بحال ہوگئی۔ 15 دن تک علاج کے بعد اس شخص کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ یہ واقعہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو پیش آیا تھا، تاہم اب یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکا ہے، جس نے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔