نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی 2 سالہ مدت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے غیر مستقل ارکان کے پرچم رکھنے کی تقریب میں شرکت کی اور پھر سلامتی کونسل میں پاکستان کا پرچم لگا دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کے طور پر 2 سالہ مدت کا آغاز ہو گیا۔
پاکستان کے علاوہ دیگر غیر مستقل ارکان کے پرچم بھی لگائے گئے، جن میں ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ شامل ہیں۔ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔
پاکستان اس سے قبل 7 بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن رہ چکا ہے، اور یہ آٹھویں بار ہے کہ پاکستان کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ گزشتہ سال جون میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 193 رکن ممالک میں سے 182 ووٹ حاصل کیے تھے۔ یاد رہے کہ سلامتی کونسل 5 مستقل اور 10 غیر مستقل ارکان پر مشتمل ہے، جن میں امریکا، برطانیہ، روس، چین اور فرانس مستقل ارکان ہیں۔