اسلام آباد : نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس کی صدارت وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول قیادت، تمام وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کے نتائج پر بھی غور کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پاک افغان سرحدی امور اور غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے حوالے سے بھی اہم معاملات پر بحث کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شرکاء کو مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیں گے، اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اسی دوران صوبوں کی جانب سے امن و امان سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔