واشنگٹن: امریکا نے اسرائیلی وزراء کی جانب سے فلسطینیوں کی غزہ سے نقل مکانی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور رہے گی۔
امریکا کی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے اسرائیلی وزرا کا مسلسل فلسطینیوں کوغزہ سےنقل مکانی اور سنگین دھمکیاں دینے پر سوال کیا، جس پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی وزرا کے فلسطینیوں کو غزہ سے چلے جانے کے دھمکی آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور رہے گی۔
ترجمان میتھیو ملر نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی سر زمین کے خلاف اسرائیلی وزراء کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
حماس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حماس کا اب کوئی مستقبل نہیں، کوئی دہشتگرد گروپ اب اسرائیل کیلئے خطرہ نہیں۔
میتھیو ملر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر بھی بیان کیا جس میں لکھا کہ ”امریکہ اسرائیلی وزراء سموٹریچ اور بین گویر کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کر تا ہے۔ غزہ سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے۔“
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں24 گھنٹے میں 30 سے زائد مقامات پر حملے کیے جس میں 200 سے زائد افراد شہید ہوے جبکہ دیر البلاح میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں شہداء کی تعداد 22 ہزار 815 ہوگئی ہے جبکہ تقریباً 57 ہزار افراد زخمی ہیں۔