لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کیلئے تمام امور کو جلد حتمی شکل دینے کافیصلہ کیا ہے اور عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لیں گے، کوئی ابہام میں نہ رہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کی سینئر پارٹی لیڈرشپ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کیلئے تمام امور کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیں گے اور کوئی کسی بھی طرح کے ابہام کا شکار نہ ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ارکان اسمبلی سے رابطوں کیلئے علاقائی تنظیموں کو ذمہ داری دی گئی جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ارکان اسمبلی کا ہوم ورک مکمل ہوتے ہی اعتماد کا ووٹ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے خواتین ارکان سے رابطوں اور ہارس ٹریڈنگ کی کوششوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی اجلاس سے متعلق ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہارس ٹریڈنگ کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا اور جن ارکان کو خریدنے کی کوشش کی گئی انہیں محفوظ مقام پر رکھا جائے گا۔
کوئی ابہام کا شکار نہ ہو، وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے: عمران خان
09:29 PM, 3 Jan, 2023