اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے وائٹ پیپر نہیں اپنا کالا اعمال نامہ جاری کیا، عمران خان کی وجہ سے آج عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور اب انہیں اپنے 4 سالہ کا حساب دینا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور معیشت کو تباہ کرنے والوں نے آج وائٹ پیپر جاری کیا، ملک کو معاشی دیوالیے پر پہنچانے والوں کو وائٹ پیپر جاری کرنے پر شرم آنی چاہئے، 2018میں (ن) لیگ کے دور میں ملک 6.1 فیصد سے ترقی کر رہا تھا اور وائٹ پیپر جاری کرنے والوں نے اپنے دورمیں پاکستان کو برباد کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی بھی وائٹ پیپرآپ کے دور میں کی گئی تباہی کو سفید نہیں کر سکتا، عمران خان کو مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور کی کامیابیاں بھی بتانی چاہئیں تھی، (ن) لیگ کے گزشتہ دور میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا تھا، مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں کم تھیں جبکہ عمران خان کے دور میں مہنگائی کی شرح بلندترین سطح پر پہنچی اور ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرض لئے گئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں لگائے گئے بجلی کے کارخانے عمران خان نے بند کر دئیے تھے، عمران خان نے نیب کو استعمال کر کے ترقیاتی منصوبوں کو التواءکا شکار کیا، نوازشریف کے دور میں غریب کا چولہاجل رہا تھا لیکن عمران خان کی وجہ سے غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، عمران خان کی وجہ سے آج عوام کومشکلات کا سامنا ہے، عمران خان 2018 کا خوشحال پاکستان تباہ کر کے چلے گئے، انہیں اپنے 4 سالہ دور کا حساب دینا ہو گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماءنے کہا کہ عمران خان نے وائٹ پیپر نہیں اپنا کالا اعمال نامہ جاری کیا، عمران خان اپنی ناکامیوں پروائٹ پیپرکیوں نہیں جاری کر رہے؟ عمران خان نے مشکل ترین شرائط پر عالمی مالیاتی اداروں سے معاہدے کئے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عوام کو آٹا تک میسر نہیں، عوام کے دکھوں پر مرہم کے بجائے وائٹ پیپرجاری کئے جا رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کو ریلیف فراہم کیا اور اتحادی حکومت ملک کو درست سمت پر ڈالنے کیلئے کوشاں ہے۔