ماسکو: روس یوکرین جنگ میں ایک غیرمعمولی انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک یوکرینی فوجی کی پیشانی کے اوپر اس کے ہیلمٹ پرگولی لگی اور اندر سے گزرتی ہوئی باہر نکل گئی۔ اس واقعے میں فوجی محفوظ رہا ، جس کی ناقابلِ یقین ویڈیو دنیا بھر میں دیکھی جارہی ہے۔
اگلے محاذ پر لڑنے والے ایک سپاہی کی ویڈیو سامنے آئی ہے جو معجزانہ طور پر ایسی گولی سے بچ گیا جس سے موت یقینی تھی ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سپاہی پہلے ہیلمٹ پہنے نظرآرہا ہے جبکہ بعد میں وہ ہیلمٹ اتار کر وہ جگہ دکھاتا ہے جہاں سے گولی داخل ہوئی اور ہیلمٹ کے پیچھے سے نکل گئی جس کے ساتھ اندر پلٹ پروف مٹیریئل کے ریشے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
سپاہی اس واقعے سے خوفزدہ دکھائی دے رہا لیکن اس کی کھوپڑی پر گولی رگڑنے کا نشان بھی دیکھا جاسکتا ہے جس نے بالوں کے درمیان راستہ بنایا ہے۔