دادو : وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان ناکام ہوچکے ہیں۔ قبل از وقت انتخابات نہیں ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی ہوئی کہ سیلاب آیا تو ہم حکومت میں تھے۔ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک سمیت کئی پی ٹی آئی ارکان سپیکر کے پاؤں پڑے ہوئے کہ استعفے منظور نہ کیے جائیں۔
دادو میں نیوز کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم سے کچھ معاملات پر اختلافات ہیں ۔ ہم بات چیت کر رہے ہیں انشاء اللہ معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔ عمران خان ہر موقع پر فیل ہوگئے ہیں۔ دو مرتبہ لانگ مارچ کیا اور انتخابات کا مطالبہ کیا لیکن ان کی خواہش پوری نہیں ہوسکی۔ ایک شخص کے کہنے پر انتخابات نہیں کرائے جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان سے جو معاہدہ ہوا ہے کہ اس کے مطابق چلیں۔ ان کے ساتھ کچھ مسائل ہیں جو چل رہے ہیں آگے بھی ہوں گے ۔ عمران خان کو میرا مشورہ ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں واپس آجائیں۔ یہ ان کے لیے بھی اور ملک کے لیے بھی بہتر ہے۔