فنانس بل کی منظوری میں دو، چار دن کی تاخیر کوئی مسئلہ نہیں: وفاقی وزیر خزانہ

11:40 PM, 3 Jan, 2022

اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ فنانس بل کی منظوری میں دو ، چار دن کی تاخیر ہوئی تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا جبکہ سپلیمنٹری فنانس بل کل سینیٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔ 
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 12 جنوری کی تاریخ طے ہے، اس لئے فنانس بل کی منظوری میں دو، چار دن تاخیر ہو بھی جائے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ 
وزیر خزانہ نے مزید کہاکہ سپلیمنٹری فنانس بل کل سینیٹ میں پیش کر دیا جائے گا، ممکن ہے کہ 4 روز میں ضمنی مالیاتی بل سینیٹ سے کلیئر ہو جائے اور اس کے بعد بل قومی اسمبلی سے پاک کرایا جائے گا۔ 
قبل ازیں اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے شروعات ارکان پارلیمینٹ سے ہونی چاہئے تاکہ عوام کیلئے مثال قائم ہو۔ معاشرے کی ترقی میں ٹیکس کا اہم کردار ہے اور جب تک ٹیکس ریونیو اکٹھا نہیں ہوتا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور آسانی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، یہاں جس کی جتنی طاقت ہے وہ ٹیکس چھپاتا ہے جس کے باعث ہم کرنٹ اخراجات بھی اپنے ریونیو سے پورا نہیں کر پا رہے، اب شناختی کارڈ کے ذریعے پتہ لگائیں گے کہ کس کی کتنی انکم ہے، کسی کوہراساں نہیں کریں گے لیکن ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں