سوڈان : وزیر اعظم نے استعفی دے دیا

11:42 AM, 3 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

خرطوم: سوڈان کے وزیر اعظم عبداللّٰہ حمدوک نے وزارت عظمی کے عہدے سے استعفی دیدیا۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان میں عوامی احتجاج کا سلسلہ کئی روز سے جاری تھا جو کہ پرتشدد مظاہروں کی شکل اختیار کر چکا تھا  جس کے بعد   سوڈانی وزیر اعظم عبداللّٰہ حمدوک کو  عہدے سے استعفی دینا پڑا ۔

واضح رہے کہ سوڈان میں  فوجی بغاوت کے بعد کئی ہفتے زیر حراست رہنے والے سوڈانی وزیراعظم نے شراکت کے معاہدے پر دستخط کے بعد وزیراعظم  کا عہدہ دوبارہ سنبھالا تھا۔مستعفی وزیراعظم عبداللّٰہ حمدوک کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی، انہوں نے مزید کہا کہ سوڈان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے مکمل روڈ میپ اور نیشنل چارٹر تیار کرنے کی ضرورت ہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 اکتوبر کو سوڈان کے فوجی جنرل عبدالفتاح البرہان نے  اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اوروزیراعظم عبداللہ ہمدوک کو گھر میں نظر بند کردیاتھا ۔ تاہم اس کے بعد ایک معاہدے کے تحت   فوج نے معزول وزیراعظم کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا اور  تمام اسیر سیاستدانوں کو بھی چھوڑ دیا گیا۔ تاہم مسلسل عوامی احتجاج کے بعد عہدے پر بحال ہونے والے وزیر اعظم عبداللّٰہ حمدوک کو اقتدار سے علیحدہ ہونا پڑگیا۔

مزیدخبریں