لاہور: قومی کرکٹر محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے آل راؤنڈ کرکٹر محمد حفیظ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیرئیر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
محمد حفیظ نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران سپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ، میڈیا اور فینز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سپورٹ کرنے اور ہر مشکل موقع پر ساتھ کھڑے ہونے پر میں سب کا شکر گزار ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ اپنے کرکٹ کیرئیر کو بھرپور انجوائے کیا اور اس سے مطمئن ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ پاکستان کیلئے کھیلا ۔محمد حفیظ نے کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کیلئے کھیلنے کی خواہش تھی لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر ایسا ممکن نہیں ہو سکا ۔انہوں نے نوجوان کرکٹرز اور نئے آنے والوں کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں انہوں نے اپنے فیصلے سے جمعہ کے روز بورڈ کو آگاہ کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے چئیر مین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ سے بھی ملنے سے انکار کیا، قومی کرکٹر کئی دن سے چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ملاقات کرنا چاہ رہے تھے تاہم رمیز راجہ ملاقات نہیں کر رہے تھے ۔تاہم بورڈ ڈائریکٹر کی درخواست پر چئیر مین سے جمعہ کے روز ملے، ملاقات کے دوران رمیز راجہ نے محمد حفیظ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھا آپ کیٹیگری کا بات کرنا چاہتے ہیں، جس کے جواب میں محمد حفیظ نے کہا کہ ساری زندگی عزت سے کرکٹ کھیلا،عزت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
خیال رہے کہ سٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے چار سال قبل 2018ء میں ہی ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور صرف وائٹ بال کرکٹ کا حصہ تھے ۔ 18 سالہ کیرئیر میں محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں، جبکہ وہ تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ محمد حفیظ نے 392 بین الاقوامی میچز میں 12 ہزار 789 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کی وکٹوں کی تعداد 253 ہے۔حفیظ پاکستان کے لئے 3 آئی سی سی ورلڈ کپ اور 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں۔