کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ، قومی ٹیم 297 رنز پر آؤٹ

01:03 PM, 3 Jan, 2021

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم 297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔ اظہر علی سب سے کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 172 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔

تفصیل کے مطابق کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 297 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ تاہم پہلے دن کا کھیل موسم کی خرابی اور بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔

پاکستان کے ابتدائی بلے باز شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں اظہر علی نے شاندار کارکردگی دکھائی اور 93 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ عابد علی نے 25، حارث سہیل 1، فواد عالم 2، کپتان محمد رضوان 61، فہیم اشرف 48، ظفر گوہر 34 اور شاہین آفریدی نے 4 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائیل جیمیسن سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں صرف 69 رنز دے کر 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں جبکہ میٹ ہینری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میزبان نیوزی لینڈ نے یہ میچ 101 رنز کے بڑے مارجن سے جیتا تھا۔ کیویز کی جانب سے پہلی اننگز میں پاکستان کو 431 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا گیا تھا لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑی صرف 299 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے 180 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے 373 رنز کا ٹارگٹ دیا تاہم قومی بلے باز اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

مزیدخبریں