چندی گڑھ: انڈیا کی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے سر کی قیمت مقرر کرنے کے پوسٹرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ ان پوسٹرز پر امریندر سنگھ کے سر کی قیمت 10 لاکھ ڈالر مقرر کرنے کی تحریر درج ہے۔
بھارت پولیس نے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے سر کی قیمت مقرر کرنے والے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہریوں نے سڑکوں پر لگے پوسٹرز دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ ان پوسٹرز پر امریندر سنگھ کے سر کی قیمت 10 لاکھ ڈالرز لگائی گئی ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان پوسٹرز کو تمام جگہوں سے اتار دیا ہے جبکہ ملوث ملزموں کی تلاش شروع کرکے ہوئے تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے۔ خبریں ہیں کہ یہ حرکت کسی نے شرارت کے طور پر کی ہے جبکہ سیاسی مخالفین پر بھی الزام لگایا جا رہا ہے۔
پوسٹر پر لکھا ہے کہ امریندر سنگھ کا پتا بتانے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ اس کیساتھ پوسٹر میں ایک نامعلوم ای میل بھی درج ہے اور لکھا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اطلاع اس ایڈریس پر دیں۔
خیال رہے کہ بھارتی کسان وزیراعظم نریندر مودی کیخلاف بھڑک اٹھے ہیں اور ان کے قوانین کو اپنا معاشی قتل قرار دے رہے۔ اس وقت ہزاروں کسان دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک انھیں حق نہیں ملتا وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ جبکہ دوسری جانب مودی سرکار کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور وہ زبردستی ان قوانین کو نافذ کرنے کی بات کر رہی ہے۔