ماں نے چوتھی منزل سے 2 سال کی بچی کو پھینک دیا، معجزانہ طور پر محفوظ

10:03 AM, 3 Jan, 2021

کراچی: میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں خاتون نے اپنی دو سالہ بیٹی کو چوتھی منزل سے پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی تاہم بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

یہ واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ خاتون عمارت کی چوتھی منزل پر اپنی بچی کو لئے کھڑی تھی۔ وہاں سے گزرنے والے راہ گیر خطرے کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر وہاں کھڑے ہو گئے اور چادر تان لی، خاتون نے جیسے ہی بچی کو پھینکا تو لوگوں نے چادر کے ذریعے اسے پکڑ کر بچا لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق اس کے بعد خاتون نے بھی چھلانگ لگائی اور چار منزلہ عمارت سے نیچے جا گری۔ اطلاعات ہیں کہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی ٹانگ ٹوٹ چکی ہے جبکہ اسے دیگر چوٹیں بھی آئی ہیں۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اپنی بچی کے ہمراہ خود کشی کی کوشش کرنے والی اس خاتون کی شناخت مریم بی بی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 35 سال بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نشے کی لت میں مبتلا ہے۔ اس لئے اسے اہلخانہ بند کر رکھا تھا۔ خاتون نے پہلے خاوند کے انتقال کے بعد دوسری شادی کر رکھی ہے۔ تاہم اہل محلہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون ایک کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہے۔ مالک مکان کافی عرصہ سے اپنے واجبات کا تقاضہ کر رہا تھا اس لئے اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔ محلے داروں کے مطابق انہوں نے خاتون کے شوہر کو اس گھر میں کبھی نہیں دیکھا، یہ خاتون اکیلی رہتی ہے۔

مزیدخبریں