جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز بطور ہیڈ کوچ کراچی کنگز کیساتھ منسلک

South African Herschelle Gibbs joins Karachi Kings as head coach
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کی انتظامیہ نے ساؤتھ افریقا کے سابق مشہور بلے باز ہرشل گبز کی خدمات حاصل کر لی ہیں، وہ بطور ہیڈ کوچ ٹیم کیساتھ منسلک ہونگے۔

خیال رہے کہ کراچی کنگز پی ایس ایل 2020ء کی چیمپئین ٹیم ہے۔ کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلئے ہرشل گبز کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ان کیساتھ کس قسم کا معاہدہ کیا گیا ہے، اس کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔

کراچی کنگز کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ساؤتھ افریقا کے لیجنڈ بلے باز بطور ہیڈ کوچ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے آنجہانی کھلاڑی ڈین جونز اس سے قبل کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ تھے۔ گزشتہ سال ہارٹ اٹیک کے باعث ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد سے ہی کراچی کنگز کی انتظامیہ نے یہ عہدہ خالی چھوڑا ہوا تھا۔

23 فروری 1974ء کو جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں پیدا ہونے والے کھلاڑی ہرشل گبز کا شمار ناصرف اپنے ملک بلکہ دنیا کے مایہ ناز بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کرکٹ کی تاریخ کی یادگار اننگز کھیل کر اپنا نام ہمیشہ کیلئے اس میں درج کرا لیا ہے۔

ہرشل گبز نے 27 نومبر 1996ء میں کلکتہ میں انڈیا کیخلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کا آخری میچ 2008ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف تھا۔ گبز نے اپنے ملک کی جانب سے 90 میچ کھیلے۔ اس میں انہوں نے اکتالیس اعشاریہ پچانوے کی اوسط سے 6167 رنز بنائے۔

ان کے ون ڈے انٹرنیشنل ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو ہرشل گبز نے 248 میچوں میں حصہ لیا اور چھتیس اعشاریہ تیرہ کی اوسط سے 8094 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ گبز کا ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ سکور 175 رنز تھا۔