ایرانی جنرل کی ہلاکت پر عراقی خوشی سے ناچ رہے ہیں، مائیک پومپیو

01:26 PM, 3 Jan, 2020

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکی حملے میں ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراق کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عوام کو عراقی پرچم تھامے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ مائیک پومپیو نے کہا کہ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر عراقی عوام سڑکوں پر رقص کر رہے ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کے مطابق مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ عراقی شہری آزادی کے لیے گلیوں میں ناچ رہے ہیں اور جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی فوج کے اہم ترین کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو کو بغداد کے ائیرپورٹ کے قریب امریکی صدر کے حکم پر نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑی پر راکٹ فائر کیے گئے جس میں قاسم سلیمانی جاں بحق ہو گئے۔

مزیدخبریں