اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے شہری علاقوں میں پٹوایوں کے ذریعے زمین کے انتقال پر پابندی لگا دی۔ چیف جسٹس نے کہا پٹوار خانوں نے لٹ مچائی ہوئی ہے۔ دنیا چاند پر چلی گئی یہاں ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیوں نہیں ہو سکتا۔
چیف جسٹس کی زیر سربراہی تین رکنی بنچ نے حکم دیا ہے کہ شہری علاقوں میں اراضی کی خرید و فروخت اور منتقلی صرف رجسٹریشن کے ذریعے منتقل ہو گی۔ پٹوار خانے اور ریونیو ریکارڈ کے دوسرے دفاتر صرف ریکارڈ کی حفاظت کے ذمہ دار ہوں گے اور زمین کی ٹرانسفر نہیں کر سکیں گے۔ عدالتی معاون نے کہا عدالت نے تاریخی فیصلہ دے کر پاکستانی عوام کو پٹواریوں سے نجات دلا دی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے پٹوار خانوں نے لٹ مچائی ہوئی ہے جہاں لینڈ ریونیو کا کوئی تخمینہ نہیں وہاں پٹوار خانے کیسے کھلے ہیں۔ دنیا چاند پر چلی گئی ہے اور یہاں ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیوں نہیں ہو سکتا تمام زمینوں کی خرید و فروخت رجسٹر سیل ڈیڈ سے ہو گی۔