امریکا ہماری دہلیز پر اپنی ناکامی کا ملبہ نہ رکھے، اب ہمارے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیرخارجہ

11:20 PM, 3 Jan, 2018

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا ہماری دہلیز پر اپنی ناکامی کا ملبہ نہ رکھے اور اب ہمارے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سمارجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکا کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ پوچھتے ہو کہ کیا کیا؟ ایک آمر نے فون کال پہ سر نڈر  کیا، وطن کو بارود و خون سے نہلایا، افغانستان پر اپنے اڈوں سے تمہارے 57800 حملے ہوئے، ہماری گزرگا ہوں سے تمہارا اسلحہ اور بارود گیا جب کہ ہزاروں سویلین، فوجی، بریگیڈیئر، جنرل اور جواں سال لیفٹیننٹ آپکی چھیڑی جنگ کی بھینٹ چڑھ گئے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جو آپ کا دشمن وہ ہمارا دشمن ہے، ہم نے گوانتانامو بے کو بھردیا، ہم آپ کی خدمت میں اتنے مگن ہوئے کہ پورے ملک کو 10 سال تک لوڈشیڈنگ اور گیس شارٹیج کے حوالے کیا، معیشت برباد ہوگئی لیکن خواہش تھی آپ راضی رہیں، ہم نے لاکھوں ویزے پیش کیے بلیک واٹر، ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک جگہ جگہ پھیل گئے۔پوچھتے ھو کیا کیا؟

وزیر خارجہ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ 4 سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں، ہماری افواج بے مثال جنگ لڑ رہی ہے، قربانیوں کی لامتناہی داستاں ہے جب کہ ماضی سکھاتا ہے امریکا پر اعتماد میں احتیاط برتو، ہماری دہلیز پر اپنی ناکامی کا ملبہ نہ رکھو، آپ خوش نہیں اس کا افسوس ہے مگر اب ہمارے وقار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

واضح رہے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان وائٹ ہاوس سارا سینڈرز نے پاکستان پر ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا  کہ امریکہ چاہتا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان مزید کوشش کرے، کیونکہ ہمیں پتا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے مزید  اقدامات کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں