شولڈربیگ نے عورت کو کینسر کی موت مرنے سے بچا لیا،مگر کیسے؟

06:14 PM, 3 Jan, 2017

نیوویب ڈیسک

لندن : قدرت کے کام نرالے ہیں۔ کوئی ہزار انتظامات کر کے بھی موت سے فرار نہیں ہوسکتا، تو کسی کی زندگی بچانے کے لئے تنکا بھی سہارے کا کام کر جاتا ہے۔ برطانوی خاتون جیڈ لیگڈن کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی حیران کن ہے، جنہیں کندھے پر لٹکانے والے بیگ نے کینسر جیسے خطرے سے خبردار کر دیا۔  رپورٹ کے مطابق 29 سالہ جیڈ لیگڈن نے ایک روز اچانک اپنے بیگ کو کندھے پر لٹکایا تو انہیں محسوس ہوا کہ بیگ لٹکانے سے ان کے کندھے میں درد ہونے لگا تھا۔ تھوڑی دیر میں یہ درد شدید ہوگیا تو وہ باقی سب کام چھوڑ کر سیدھی ہسپتال چلی گئیں۔ ڈاکٹروں نے جب ان کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ ان کے جسم میں کینسر کی ایک خطرناک قسم اپنے پنجے گاڑ رہی تھی۔ تفصیلی معائنے سے معلوم ہوا کہ کینسر کی بیماری کا آغاز جگرکے خلیات سے ہورہا تھا۔ یہ انکشاف ہونے پر جیڈ کو فوری طور پر ہسپتال میں داخل کرلیا گیا اور ان کے علاج کا آغاز کردیا گیا۔

وہ اس سے پہلے بریسٹ کینسر کی شکار ہوچکی ہیں لیکن تین سال قبل بھرپور علاج سے اس کا خاتمہ ہوگیا تھا۔ ڈاکٹروں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ پرانے کینسر کی وجہ سے ہی ان کے جگر کے خلیات متاثر ہوئے تھے۔ ڈاکٹروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ بروقت ریڈیو تھیراپی اور کیمیو تھیراپی کا آغاز ہونے سے ان کے کینسر پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔جیڈ کہتی ہیں کہ ان کے بیگ نے انہیں کینسر جیسی موذی بیماری سے خبردار کردیا ورنہ شاید وہ اپنے نوعمر بچوں کو بڑا ہوتے دیکھنے کے لئے زندہ نہ رہتیں۔ اب وہ ہر وقت اس بیگ کو ساتھ رکھتی ہیں کیونکہ وہ اسے اپنے لئے خوش قسمتی کی علامت قرار دیتی ہیں۔

مزیدخبریں