چاقو حملے کے بعد پہلی بار! سیف علی خان کی عوام میں واپسی

08:49 PM, 3 Feb, 2025

ممبئی: بولی وڈ اداکار سیف علی خان چاقو حملے کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر نظر آئے، جہاں وہ اپنی نئی نیٹ فلکس فلم ’جیول تھیف – دی ہائیسٹ بگنز‘ کی تشہیر میں مصروف دکھائی دیے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق، ممبئی میں ہونے والی فلم کے ٹریلر لانچ تقریب میں سیف علی خان کے ساتھ فلم کی دیگر اسٹار کاسٹ جے دیپ اہلاوت، نکیتا دتہ اور کنال کپور بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیف علی خان نے کہا کہ ’یہاں آکر اور آپ کے سامنے کھڑے ہو کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ میں اس فلم کے حوالے سے بہت پرجوش ہوں۔‘

اداکار نیلے جینز اور شرٹ میں صحت مند نظر آرہے تھے، تاہم ان کے بائیں ہاتھ پر بینڈیج واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھی۔


یاد رہے کہ 16 جنوری کی رات تقریباً ڈھائی بجے سیف علی خان پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حملے کے فوراً بعد انہیں لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ان کی ایمرجنسی سرجری کی گئی۔

پانچ دن تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب، ان کے بنگلے میں چوری کی نیت سے گھسنے والا مبینہ بنگلادیشی شہری گرفتار ہے اور اب قید میں ہے۔


سیف علی خان کی آنے والی فلم ’جیول تھیف – دی ہائیسٹ بگنز‘ سدھارتھ آنند کی پروڈکشن میں بنی ہے، جو جلد نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کے حوالے سے مداحوں میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
 

مزیدخبریں