راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کی ہے تاکہ فوج اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کو کم کیا جا سکے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان نے یہ خط بطور سابق وزیراعظم لکھا ہے، اور اس میں انہوں نے فوج اور عوام کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان نے خط میں فوج کی قربانیوں کا بھرپور اعتراف کیا اور کہا کہ یہ فوج اور ملک سب کا ہے، اور ہم انتشار کی بجائے قومی یکجہتی چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ خط میں پالیسی شفٹ کی بات نہیں کی گئی، بلکہ عمران خان نے فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کے لیے اپنی رائے پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بیرسٹر گوہر اور علیم امین گنڈا پور سے ملاقات کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم اس ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں مختلف دعوے کیے گئے۔ بعد ازاں عمران خان نے ملاقات کی تصدیق کی اور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ اس ملاقات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور سکیورٹی امور کی بات چیت کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔