نواز شریف کا مریم نواز کی کارکردگی پر اظہار اطمینان، پنجاب میں بہتری کا اعتراف

05:41 PM, 3 Feb, 2025

لاہور: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی محنت سے صوبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز سے قومی اسمبلی کے اراکین نے ملاقاتیں کیں، جن میں ملکی صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو صوبے میں بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کے دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کر میرٹ پر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا خوش آئند ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سستی اور وافر کھاد کی دستیابی کو یقینی بنانے پر توجہ دی، جس کے باعث کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو آڑھتیوں سے نجات ملی اور خوشحالی آئی۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں دستیاب ہے۔

مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت کی کارکردگی پر سب سے بڑا احتساب عوام اور نواز شریف کریں گے۔ انہوں نے راولپنڈی رنگ روڈ کو دسمبر تک مکمل کرنے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
 

مزیدخبریں