ایف بی آر   اپنے مسائل کو چھپانے کے لیے سندھ کے زرعی شعبے کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے: مراد علی شاہ

03:42 PM, 3 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے زرعی شعبے پر ٹیکس نہ لگانے کا الزام سندھ پر ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھی کہا تھا کہ ایف بی آر کرپشن کا گڑھ ہے اور اب یہ ادارہ اپنے مسائل کو چھپانے کے لیے سندھ کے زرعی شعبے کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ زرعی ٹیکس سندھ میں پچھلے تیس سال سے لاگو ہے اور یہ صوبائی معاملہ ہے۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وفاق نے مئی 2024 میں فیصلہ کیا کہ ایف بی آر زرعی ٹیکس وصول کرے گا، لیکن سندھ حکومت نے اس فیصلے کو مسترد کر دیا کیونکہ یہ صوبے کا اختیار ہے۔

مراد علی شاہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر کسان فصلیں نہیں اگائیں گے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پانی کی کمی اور ڈیموں کی وجہ سے کئی ایکڑ زمین آباد نہیں ہو پاتی، جس کا اثر زرعی پیداوار پر پڑ رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ صوبوں کے حقوق کا احترام کیا جائے اور ان پر بلاوجہ کا دباؤ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے ٹیکس اہداف باقاعدگی سے پورے کرتی ہے اور ٹیکس کے نظام میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ زیادہ مؤثر اور منصفانہ ہو سکے۔

مزیدخبریں