2026ء سے دبئی میں فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز ہوگا

 2026ء سے دبئی میں فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز ہوگا

دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے گزشتہ روز دبئی میں 2026 تک فضائی ٹیکسی سروس کے آغاز کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس معاہدے کے تحت دبئی دنیا کا پہلا شہر بنے گا جہاں 2026 تک الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (eVTOL) طیاروں کے ذریعے مستقل فضائی ٹیکسی سروس فراہم کی جائے گی۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ برٹش اسکائی پورٹس انفراسٹرکچر اور امریکی کمپنی جوبی ایوی ایشن نے اس تاریخی معاہدے پر دستخط کیے۔

اس فضائی ٹیکسی سروس کے ابتدائی مرحلے میں دبئی کے چار اہم مقامات ،  دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ، ڈاؤن ٹاؤن، دبئی مرینا اور پام جمیرہ کے قریب ورٹی پورٹ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ اس سروس کی بدولت ڈی ایکس بی سے پام جمیرہ تک کا سفر صرف 10 منٹ میں طے کیا جا سکے گا، جو پہلے 45 منٹ میں مکمل ہوتا تھا۔

فضائی ٹیکسی سروس کا مقصد 2030 تک خودکار یا سیلف ڈرائیونگ سفر کی مقدار کو 25 فیصد تک پہنچانا ہے۔ اس منصوبے کا اہم مقصد ماحول کو تحفظ دینا ہے کیونکہ اس میں جدید برقی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جو کاربن کے اخراج میں کمی اور عالمی استحکام کے مقاصد کی حمایت کرے گی۔

جوبی ایوی ایشن کی تیار کردہ فضائی ٹیکسی "جوبی ایس 4" میں 4 مسافروں کی گنجائش ہوگی اور ایک پائلٹ کی موجودگی ضروری ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت دبئی دنیا کے جدید ترین فضائی سفر کے مراکز میں شمار ہوگا، جو نہ صرف شہر کی ٹرانسپورٹیشن میں انقلابی تبدیلی لائے گا بلکہ عالمی سطح پر فضائی ٹیکنالوجی کے نئے افق کو بھی اجاگر کرے گا۔ فضائی ٹیکسی سروس 2026 کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہو جائے گی اور دبئی کی ترقی کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

مصنف کے بارے میں