واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کینیڈا کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر کینیڈا امریکا کی ریاست بنتا ہے تو اس کے ساتھ ساتھ امریکہ کو اقتصادی طور پر بھی فائدہ ہوگا اور کینیڈا کے پاس بہتر فوجی تحفظ بھی ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس صورت میں کینیڈا پر کوئی ٹیرف نہیں ہوگا اور ہم امریکا کو پھر سے عظیم بنا سکیں گے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ کینیڈا کو سبسڈی دینے کے لیے امریکا سیکڑوں ارب ڈالر ادا کرتا ہے، لہٰذا کینیڈا کو امریکا کی ریاست بننا چاہیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ کینیڈا کے خلاف اقتصادی طاقت استعمال کریں گے اور کینیڈا کو امریکا کی ریاست بننے کی ترغیب دیں گے۔ دوسری طرف کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹرمپ کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا قیامت تک امریکا میں ضم نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدی اشیاء پر 25 فیصد جبکہ چین سے امریکا بھیجی جانے والی اشیاء پر 10 فیصد ٹیرف (ٹیکس) عائد کیا تھا، جس پر بین الاقوامی سطح پر تنقید کی گئی تھی۔