وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ روانہ

10:09 AM, 3 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف  ایک روزہ دورے پر کوئٹہ روانہ ہو گئے ہیں ، جہاں وہ امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔

صوبائی حکام کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج صبح کوئٹہ پہنچیں گے، اور ان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان اور دیگر وفاقی وزرا بھی ہوں گے۔

وزیر اعظم ایئرپورٹ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس جائیں گے، جہاں وہ امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور دیگر عسکری و سول حکام بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں بلوچستان میں دہشت گردی کی روک تھام اور دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا، اور صوبے میں قیام امن کے حوالے سے اہم فیصلوں کی توقع کی جارہی ہے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم سے گورنر ہاؤس میں گورنر، وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزرا کی ملاقات بھی متوقع ہے۔

مزیدخبریں