ریاض: شام کے عبوری صدر احمد الشرع اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق، احمد الشرع کے ہمراہ شام کے عبوری وزیر خارجہ اسد الشیبانی بھی سعودی عرب آئے ہیں۔ ائیرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمان بن عبد العزیز نے احمد الشرع کا پرتپاک استقبال کیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق، احمد الشرع اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ گزشتہ ماہ سعودی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں احمد الشرع نے کہا تھا کہ سعودی عرب شام کے مستقبل میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور انہوں نے شام میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب میں پیدا ہوئے اور اپنی زندگی کے 7 برس سعودی عرب میں گزارے۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل شام کی نئی قیادت نے ملک کا آئین منسوخ کر دیا تھا، اور اس کے بعد بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے والے شامی باغی گروہ کے سربراہ احمد الشرع، جنہیں ابو محمد الجولانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو شام کا عبوری صدر مقرر کیا گیا تھا۔