غزہ : غزہ میں جنگ کے تھم جانے کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف حملے تیز کر دیے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فوج کے آپریشن میں 16 سال کے لڑکے سمیت پانچ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، ہفتے کو اسرائیلی جیلوں سے رہا ہونے والے فلسطینیوں کی اکثریت شدید بیمار ہے اور وہ اسرائیلی تشدد کا شکار ہو چکے ہیں۔ غزہ جنگ بندی معاہدے کے چوتھے مرحلے کے تحت، تین اسرائیلیوں کے بدلے 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں فلسطینی قیدیوں کا پُرجوش استقبال کیا گیا، جب کہ 9 ماہ بعد رفح کراسنگ کھول کر غزہ سے مریضوں کا پہلا قافلہ مصر پہنچا ہے۔